اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رہ نما ڈاکٹر محمود الزھار نے فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس کے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے کہ جس میں انہوں نے حماس پر نابلس کے میئر کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کا الزام عاید کیا تھا۔ الجزیرہ ٹی وی کے ویب پورٹل کو دیئے گئے بیان میں ڈاکٹر محمود الزھار نے کہ ایسی کارروائیاں حماس کی پالیسی کا حصہ نہیں ہے۔ ان کی تنظیم اغواء اور قتل جیسی منصوبہ بندی نہ غزہ میں کرنے کی قائل ہے اور نہ ہی ایسا مغربی کنارے میں کرنے کا سوچ سکتی ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ حماس کا اسلحہ صرف دشمن پر تانا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے بیانات کے ذریعے دراصل فتح کی قیادت قومی مصالحتی عمل سے فرار چاہتی ہے۔ وہ ان بے بنیاد خبروں کی آڑ میں حماس کے خلاف ظلم و زیادتی میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔ حماس کے کارکن مغربی کنارے میں ایک طرف فلسطینی انتظامیہ کے مظالم کا شکار ہیں جبکہ دوسری جانب قابض اسرائیلیوں نے ان کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ نابلس کے میئر جنرل جبریل البکری نے بزعم خود اپنے قتل کا منصوبہ منکشف کیا تھا، جو ان کے بہ قول مغربی کنارے میں حماس کے ایک خفیہ سیل نے انہِِیں قتل کرنے کے لئے بنایا تھا۔