مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیل کے زیر سایہ سرگرم صہیونی آبادکاروں نے جنوبی نابلس کے گاؤں عوريف میں ایک اور کھلی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین بلڈوزر ایک گاڑی اور بھاری مشینری کو آگ لگا دی۔
اطلاعات کے مطابق صہیونی آبادکاروں کے ایک جتھے نے جنوبی نابلس کے گاؤں عوريف پر حملہ کیا اور شمالی کان کنی کے مقامات اور کرشنگ ایریاز میں شہری عصام الصفدی کی ملکیت تین بلڈوزر ایک گاڑی اور دیگر آلات کو مکمل طور پر نذر آتش کر دیا۔ یہ کارروائی فلسطینی شہریوں کے روزگار اور معاشی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی دانستہ کوشش قرار دی جا رہی ہے۔
اسی دوران صہیونی آبادکار اپنے مویشیوں کے ہمراہ رام اللہ کے مشرق میں واقع گاؤں المغير میں شہریوں کی زمینوں میں گھس آئے جہاں انہوں نے گھروں کے قریب چراگاہوں اور زرعی اراضی کو پامال کیا۔
یہ واقعات مغربی کنارے اور مقبوضہ القدس میں صہیونی آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے جرائم کا حصہ ہیں جو غزہ پٹی میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے دو برس تک جاری رہنے والی نسل کش جنگ کے بعد غیر معمولی حد تک شدت اختیار کر چکے ہیں۔
منگل کے روز صہیونی آبادکاروں نے مشرقی طوباس گورنری میں الیکشن کمیٹی کے عملے کے کام میں رکاوٹ ڈالی جبکہ ایک آبادکار نے رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع گاؤں المزرعہ الشرقیہ کی زمینوں پر دھاوا بولا۔
دوسری جانب قابض دشمن کی بڑھتی ہوئی زیادتیوں کے خلاف ردعمل کے طور پر غصے سے بھرے فلسطینی نوجوانوں نے قلقیلیہ کے مشرق میں بلدہ عزون کے قریب صہیونی آبادکاروں کی گاڑیوں کو پتھراؤ کا نشانہ بنایا۔ یہ اقدام فلسطینی عوام کی جانب سے اپنی جان مال اور وقار کے دفاع کی کوششوں کا اظہار ہے۔
