ہسپانیہ کے درالحکومت میڈریڈ میں ہزاروں افراد نے غزہ کی معاشی ناکہ بندی کے تسلسل اور اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرین نے فریڈم فلوٹیلا کے شہداء اور فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کےمطابق ہسپانیہ کے دارالحکومت میڈریڈ میں ہفتے کے روز ہزاروں افراد نے مرکزی شاہراہ پر جمع ہو کرغزہ کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں غزہ کے امدادی قافلے فریڈم فلو ٹیلا کے شہداء کی تصاویر اٹھا رکھیں تھیں۔ انہوں نے میڈریڈ میں قائم اسرائیلی سفارت خانے کی طرف مارچ بھی کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سول سوسائٹی کی تنظیموں کے قائدین نے اسرائیل سے غزہ کی معاشی ناکہ فوری ختم کرنے اور امدادی اداروں کے اہلکاروں کو غزہ جانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے غزہ کی معاشی بندی جاری رکھنے پر یورپی ممالک سے اسرائیل کا بائیکاٹ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔