متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس کے سربراہ ضاحی خلفان تمیم نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جعلی پاسپورٹ تیار کرنے اور دوسرے ممالک کےجعلی پاسپورٹ حاصل کرنے کا ایک منظم نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے۔ اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے ایجنٹوں کے پاس یورپی دستاویزات پر تیار کردہ سیکڑوں پاسپورٹ موجود ہیں۔ پیر کے روز دبئی میں خلفان تمیم نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات یورپی اور مغربی ممالک کے لیے کس حد تک شرمناک ہے کہ ایک دوسرا ملک ان کی دستاویزات پرعالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جعلی پاسپورٹ تیار کرکے عالمی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی اداروں کو اب تک کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ موساد کے پاس یورپی ممالک کی دستاویزات سے تیار کردہ سیکڑوں پاسپورٹ موجود ہیں، جن سے موساد کے ایجنٹ پوری دنیا میں سفرکر رہے ہیں۔ خلفان نے کہا کہ دبئی پولیس کی جانب سے حماس کے راہنما محمود المبحوح کے دبئی میں موساد کے ہاتھوں قتل کی تحقیقات صحیح سمت میں جاری ہیں۔ پولیس چیف کا کہنا تھا کہ پولیس مبحوح کے قتل کے سلسلےمیں کی جانے والی تحقیقات اور ان کے نتیجے میں حاصل ہونے والی معلومات کے بعد موساد کے جعلی پاسپورٹس کے مزید سیکنڈلز سامنے لائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اس امر کاکھوج لگا رہی ہے ہے موساد کے ایجنٹوں کو پاسپورٹ فراہم کرنے والے یورپی ممالک نے کس بنیاد پر انہیں پاسپورٹس کی سہولت فراہم کی اور یورپ اس معاملے میں چشم پوشی سے کام کیوں لے رہا ہے۔