Â
کوئٹہ : (فلسطین نیوز ۔ مرکز اطلاعات ) :فلسطین فاؤنڈیشن پاکستا ن بلوچستان چیپٹر کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ آل پارٹیز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں بشمول عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما کمانڈر خدائیداد خان، جماعت اسلامی کے رہنما امان اللہ شاد زئی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما میر عبد القدوس ساسولی ،نیشنل پارٹی بلوچستان کے رہنما سینیٹر میر مہم خان، بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما آغا حسن بلوچ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شریف جوگی زئی ، مجلس وحدت
مسلمین پاکستان کے رہنما زاکر خان درانی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان بلوچستان چیپٹر کے ترجمان سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کا آخری جمعہ دنیا بھر میں یوم القدس کے عنوان سے منایا جاتا ہے تاہم جمعۃ الوداع یوم القدس کو دنیا بھر کے مظلوم لوگوں کا دن سمجھتے ہوئے قبلہ اول کی بازیابی کی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں انہوں نے سنہ2010ء میں بلوچستان کے صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں یوم القدس کے اجتماع پر ہونے والی دہشت گردانہ کاروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کو یہ افتخار حاصل ہے کہ انہوں نے تحریک آزادی القدس کے لئے ستر سے زائد شہداء پیش کئے ہیں اور فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں اپنا عملی کردار بھی ادا کیا ہے، اس موقع پر رہنماؤں نے شہدائے یوم القدس کوئٹہ کو زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں جمعۃ الوداع یوم القدس کے اجتماعات کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے جبکہ یوم القدس کو سرکاری دن کے طور پر منانے کا اعلان کر کے فلسطینی مظلوم کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ بھی کیا جائے۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین دنیائے اسلام کے مسائل میں سب سے اہم مسئلہ ہے اور ہم بلوچستان کے عوام سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ وہ جمعۃ الوداع یوم القدس کے اجتماعات اور مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی عالمی تحریک کا حصہ بنیں۔