اسرائیلی مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں جمعے کی صبح پَو پھٹنے سے پہلے نامعلوم لوگوں نے ایک مسجد پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کرنے کے علاوہ، دیواروں پرعبرانی زبان میں کچھ دھمکیا ں لکھ دی ہیں جِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ یہودی آباد کاروں کا کام ہے۔ حملہ آوروں نے یوسف نامی گاؤں کی مسجد میں ایک جائے نماز اور کچھ کتابوں کو آگ لگا دی ۔ دیواری تحریروں میں کوئی ‘قیمت ادا ’ کرنے کے بارے میں انتباہ شامل ہے۔ کٹرّ مذہبی یہودی آباد کار، مغربی کنارے پر آباد کاروں کی نئى بستیوں کی تعمیر پرعارضی طور پر پابندی عائد کرنے کے بارے میں حکومت کے ایک فیصلے پر برہم ہیں اور انہوں نے بار بار فلسطینیوں اور اُن کی املاک پر حملے کیے ہیں۔ وہ ان حملوں کو حکومت کےاُن اقدامات کی ‘قیمت’ کہتے ہیں، جو اُن کے خیال میں مقبوضہ علاقوں میں یہودیوں کی آباد کاری کے لیے ایک خطرہ ہیں۔ فلسطینی عہدے داروں نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ آباد کاروں کی خلافِ قانونی کارروائیوں کو نظر انداز کررہا ہے۔