( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) جماعت اسلامی کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو کی زیرصدارت کراچی میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان صوبہ سندھ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی.
اجلاس میں فلسطین فاؤنڈیش پاکستان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر کے حل اور عالمی استعماری طاقتوں کے ظلم اور بربریت کے خلاف مشترکہ جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے آواز بلند کرتے رہنا ہوگا۔
ڈاکٹر صابرنے حالیہ قابض صیہونی ریاست کی محفوظ ترین جیل سمجھی جانے والی جلبوع جیل کو توڑ کرفرار ہونے والے فلسطینی قیدیوں کے اقدام کو قابض ریاست کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف جرات مندانہ کوشش قرار دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور وہ تمام فلسطینی قیدی جو اسرائیل کی جیلوں میں قید ہیں ان کے ساتھ اپنی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کاز پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
اس موقع پر ڈاکٹر صابر نے جبری تبدیلی مذہب کے بل کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات مملکت پاکستان کو ایک سیکولر ریاست میں تبدیل کرنے کی مذموم کوشش ہے جوکسی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی، انھوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والی ہندو،مسیحی اور سکھ سمیت تمام اقلیتیں امن اور بھائی چارے سے اس ملک کی خدمت میں مصروف ہیں اس لئے اس قسم کے بل اور دیگر اقدامات سے گریز کیا جائے جو ملک میں انتشار کا باعث بن سکتےہیں۔