اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے تحفظ کی جنگ شروع ہوچکی ہے‘ لہذا ہر مسلمان کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنی ناموس بچانے کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان جنگ میں اتر آئے- حماس کے رہنما ڈاکٹر صلاح برادویل نے کہا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کامیابی کے اس راستے پر چلنے والے ان تمام گروہوں کا بھرپور ساتھ دے گی جو قوم کو سب سے بڑی دشمن صیہونیوں کے خلاف لڑنے کیلئے متحرک کریں گے- انہوں نے کہا کہ اسرائیلیوں کے مسجد اقصی پر اشتعال انگیز حملے کا مقصد فلسطینیوں اور مسلمانوں کا ردعمل دیکھنا ہے تاکہ پے درپے ایسی کارروائیوں کے بعد اگر ان کا خون نہیں کھولتا تو آخرکار مسجد اقصی کو شہید کردیا جائے- حماس نے فلسطینی انتظامیہ اور چند عرب ممالک کو اس صورتحال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ انشاء اللہ فتح و نصرت فلسطینیوں کے قدم چومے گی- اس موقع پر حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے کہا ہے کہ مسجد اقصی پر مسلسل صیہونی حملوں اور اس کا گھیراو کرنے کا مقصد مقبوضہ بیت المقدس کو یہودی ریاست کے زیرنگیں کرتا اور مسجد کو شہید کرکے ہیکل سلیمانی تعمیر کرنا ہے- دریں اثنا فلسطینی دستور ساز کونسل میں حماس کے نمائندہ شیخ حامد البتیاوی نے اسرائیلی قابض انتظامیہ کو مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصی پر حملوں پر سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد اقصی پر حملہ کرکے اسرائیل نے اپنی بربادی کو دعوت دی ہے- انہوں نے کہا دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمان مسجد اقصی کی جگہ ہیکل سلیمانی بنانے کی اجازت نہیں دیں گے- اس موقع پر فلسطینی دستور ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر عزیز دویک نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد اقصی کے تحفظ کے لئے اٹھ کھڑے ہوں-