قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بدستور جاری ہے. جمعرات کو مختلف شہروں میں کیے گئے کریک ڈاٶن میں کم ازکم 13 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے. فلسطینی ذرائع کے مطابق نو افراد کو مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل سے حراست میں لیا گیا ہے جبکہ دیگر چار افراد کو طولکرم سے حراست میں لیا گیا. اسرائیلی ریڈیو نے صہیونی فوجی ذرائع کےحوالے سے ایک درجن سے زائد فلسطینیوں کی گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے. ریڈیو رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے گئے تمام افراد اسرائیلی فوج کو مطلوب تھے اور ان کی گرفتاری کے لیے کئی روز سے چھاپے مارے جا رہے تھے. گرفتار ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم انہیں مختلف تفتیشی اداروں کے حوالے کیا گیا ہے جو ان سے تفتیش کر رہے ہیں. دوسری جانب الخلیل میں حماس اور جہاد اسلامی کے ذرائع کے مطابق جمعرات کو صہیونی فوج نے چھاپوں کے دوران ان کے متعدد ارکان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا ہے. خیال رہے کہ قابض فوج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی گرفتاری مہمات کا سلسلہ بدستور جاری ہے. گذشتہ کئی روزسے جاری گرفتاریوں درجنوں افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے.