مغربی کنارے میں عباس ملیشیا کی جانب سے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے کارکنوں کو اغوا کرنے کا سلسلہ جاری ہے- گزشتہ دوروز میں فلسطینی صدر محمود عباس کو براہ راست جوابدہ سیکورٹی فورسز نے مغربی کنارے کے مختلف حصوں سے حماس کے 7 کارکنوں کو اغوا کیا- اغوا کئے گئے افرا دمیں حماس کے اہم رہنما فرج رمانہ بھی شامل ہیں- انہیں رام اللہ میں ان کے گھر سے اغوا کیا گیا- واضح رہے کہ فرج رمانہ اسرائیلی عقوبت خانوں میں 9 سال تک قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرتے رہے ہیں- عباس ملیشیا نے انہیں دوسری مرتبہ اغوا کیا- پہلی مرتبہ انہیں اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ اسرائیلی جیلوں سے رہائی پا کر واپس پہنچے تھے- انہیں اسرائیلی جیل سے رہائی کے دو گھنٹے بعد عباس ملیشیا نے اغواکرلیا تھا- اسرائیلی فوج اور عباس ملیشیا کے درمیان حماس کے کارکنوں کو باری باری گرفتار کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے- اسرائیلی فوج نے نابلس کے مشرق میں واقع عقوبا قصبے کے تین فلسطینیوں کو اغوا کرلیا – تینوں ایسے فلسطینی شہری ہیں جنہیں حال ہی میں عباس ملیشیا نے رہا کیا تھا-