اسرائیلی نائب وزیر اعظم موشی یالون کا کہنا ہے کہ عنقریب مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کی تین بڑی یہودی بستیوں میں بڑے پیمانے پر نئی تعمیرات شروع کر دی جائیں گی۔ القدس کی ’’معالیہ ادومیم‘‘ اور مغربی کنارے کی ’’اریئیل‘‘ اور ’’افرات‘‘ نامی ان بستیوں کی توسیع کی اجازت جلد دے دی جائیگی۔ ایک صہیونی ویب سائٹ نے نائب وزیر اعظم کے حوالے سے بتایا کہ حکومت ان تینوں یہودی بستیوں میں توسیع کے لیے نئی مکانات کی تعمیر پر غور و خوص کر رہی ہے۔ جیسے ہی تعمیرات کا حتمی فیصلہ ہوتا ہے ان بستیوں میں یہودی آباد کاری کی مہم شروع کردی جائے گی۔ اسٹریٹجک امور کے صہیونی وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت کی پالیسی نئی یہودی بستیاں تعمیر کرنا نہیں بلکہ پہلے سے موجود بستیوں میں توسیع کرنا ہے۔ اور یہ سابق امریکی صدر جارج بش کے ساتھ ہونے والی مفاہمت کے مطابق ہے۔