فلسطینی مجلس قانون ساز کے ڈپٹی سپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے عباس ملیشیا کو مغربی کنارے میں بدامنی اور فساد پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیا ہے- انہوں نے کہا کہ فلسطینی اراکین پارلیمنٹ اور ان کے اہل خانہ کے خلاف عباس ملیشیا کی کارروائیاں بدامنی کی لہر پر مہر تصدیق ہیں جس نے مغربی کنارے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے- عباس ملیشیا کے اہلکار تمام اخلاقی، انسانی اور قومی اقدار کو عبور کر چکے ہیں- ڈاکٹر احمد بحر نے بیان میں کہا کہ انتشار کے خاتمے کی کوششیں کرنے والے اراکین پارلیمنٹ کو گرفتار نہیں کرتے- وہ سیاسی انتقام پر مبنی کارروائیاں نہیں کرتے- ڈاکٹر احمد بحر نے فلسطین کی خاتون رکن پارلیمنٹ سمیرہ حلائقہ کے بیٹے انس محمد حلائقہ کے اغوا کی مذمت کی- انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کو انس محمد حلائقہ کے اغوا کے انجام سے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ عباس ملیشیا نے رکن پارلیمنٹ کے بیٹے کو اغوا کر کے جرم کا ارتکاب کیا ہے-