مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج اور اس کے مسلح آبادکاروں کی فائرنگ سے چار فلسطینی شہری زخمی ہو گئے جبکہ قابض فوج نے متعدد فلسطینی دیہات پر دھاوے بولے اور شہریوں کے گھروں میں گھس کر انہیں زدو کوب کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق شمالی البیرہ شہر کے قریب واقع الجلزون پناہ گزین کیمپ پر قابض اسرائیلی فوج کے دھاوے کے دوران شدید جھڑپیں ہوئیں جن کے نتیجے میں دو فلسطینی شہری گولیوں کا نشانہ بنے۔
ذرائع نے بتایا کہ کیمپ پر یلغار کے بعد ہونے والی جھڑپوں میں دو افراد زخمی ہوئے جن میں ایک کو پیٹ میں گولی لگی جبکہ دوسرے کے پاؤں میں فائر کیا گیا۔
دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع بلدہ الرام میں قابض اسرائیل کی فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔
فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ اس کی ٹیموں نے بلدہ الرام میں نسلی امتیاز پر مبنی دیوار کے قریب ایک نوجوان کو پاؤں میں براہ راست گولی لگنے کے بعد ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں اسے ہسپتال منتقل کیا۔
ادھر مشرقی الخلیل میں آبادکاروں کے حملے کے نتیجے میں بھی ایک فلسطینی نوجوان زخمی ہو گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق مسلح آبادکاروں کے ایک گروہ نے جبل جور کے مشرق میں واقع خلہ النتش کے علاقے میں فلسطینی شہریوں اور ان کے گھروں پر پتھراؤ کیا جس کے باعث 20 سالہ نوجوان زخمی ہو گیا جسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسی دوران قابض اسرائیلی فوج نے بیت لحم کے جنوب میں واقع بلدہ الخضر پر دھاوا بولا اور الخضر الخلیل مرکزی شاہراہ پر گیٹ کے علاقے میں تعینات ہو گئیں جبکہ علاقے میں پیدل گشت بھی کیا گیا تاہم کسی گرفتاری یا گھروں پر چھاپوں کی اطلاع نہیں ملی۔
اسی طرح قابض فو ج نے رام اللہ کے مغرب میں بلدہ نعلین پر بھی دھاوا بولا اور اس کے مختلف محلوں میں براہ راست گولیوں کی فائرنگ کے ساتھ گشت کیا تاہم وہاں بھی کسی زخمی یا گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
