Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

مغربی کنارہ میں اسرائیلی فوج کا کریک ڈاؤن، متعدد فلسطینی شہری گرفتار

مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف اضلاع گذشتہ رات اور آج بدھ کی صبح قابض اسرائیلی افواج کی وسیع پیمانے پر فوجی مہم کا نشانہ بنے رہے۔ اس دوران صہیونی فورسز نے شہروں اور بستیوں پر دھاوے بولے، گھروں کی حرمت پامال کی اور متعدد شہریوں کو اغوا کر کے نامعلوم مقامات پر منتقل کر دیا۔ ان پرتشدد کارروائیوں کے دوران کئی مقامات پر فلسطینی نوجوانوں اور غاصب فوج کے درمیان شدید جھڑپیں اور مقابلے بھی دیکھنے میں آئے۔

جنین میں قابض اسرائیلی افواج نے شہر پر دھاوا بولا اور حی المراح میں ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ صہیونی فوجی گھروں کے درمیان بڑی تعداد میں پھیل گئے اور شہریوں کو فیلڈ انویسٹی گیشن اور دھمکیوں کا نشانہ بنا کر ہراساں کیا۔

طوباس میں شمالی مغربی کنارے کے علاقے حی الدکنیا کا چار گھنٹے تک محاصرہ کرنے کے بعد قابض اسرائیلی فوج نے دو سال سے زائد عرصے سے مطلوب فلسطینی نوجوان رجا صوافطہ کو گرفتار کر لیا۔

نابلس میں قابض فوج قدیم شہر (البلدہ القدیمہ) میں داخل ہوئی جہاں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جو قابض فورسز کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں ہوئے تھے۔ صہیونی فوجیوں نے حارہ الیاسمینہ اور شہید محمد العزیزی کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اس کے علاوہ شہر کے شمال مغرب میں واقع قصبے برقہ میں بڑے پیمانے پر تلاشی اور گرفتاریوں کی مہم چلائی گئی اور جنوب مغرب میں واقع گاؤں تل سے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔

طولکرم میں قابض فوج کی سفاکیت کا مرکز قصبہ عتیل رہا جہاں فوجیوں نے براہ راست فائرنگ کے ساتھ ساتھ روشنی والے بموں اور صوتی بموں کا بے دریغ استعمال کیا۔ شمال میں واقع قصبے علار میں بھی گرفتاریوں کی مہم چلائی گئی جس کے دوران عمر شدید اور جبر نضال برکات نامی دو نوجوانوں کو ان کے گھروں سے گرفتار کر لیا گیا۔

قلقيلية سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مقامی نامہ نگاروں نے بتایا کہ قابض فوج نے مشرق میں واقع قصبے عزون پر دھاوا بولا اور قریبی بستی کفر ثلث میں ایک گھر کی تلاشی لی۔

جارحیت کی یہ لہر رام اللہ اور البیرہ گورنری تک بھی جا پہنچی جہاں قابض اسرائیلی فوج نے مشرق میں دیر دبوان اور شمال میں دیر ابو مشعل نامی گاؤں پر دھاوا بول کر شہریوں کے گھروں میں توڑ پھوڑ کی اور قیمتی سامان کی بے حرمتی کی۔ البیرہ شہر میں الامعری کیمپ پر چھاپے کے دوران ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا۔

جنوبی مغربی کنارے کے شہر بیت لحم میں قابض دشمن کی عسکری گاڑیوں نے العزہ اور عایدہ کیمپوں پر دھاوا بولا اور گلیوں میں گشت کرتے ہوئے خوف و ہراس پھیلایا۔

الخليل میں قابض دشمن نے سب سے زیادہ سفاکیت کا مظاہرہ کیا جہاں سعیر اور الشیوخ بستیوں میں درجنوں گھروں کی دیواریں پھلانگ کر تلاشی لی گئی۔ بیت امر میں بھی شہریوں کے گھروں کو وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کا نشانہ بنایا گیا۔

اسی دوران الخليل کے مغرب میں واقع قصبے اذنا کے علاقے واد ریشہ میں چھاپے کے دوران سابق اسیر معاذ محمد ابو جحيشہ کو ان کے گھر سے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔

یہ پیش رفت قابض اسرائیل کی اس منظم پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت تمام فلسطینی علاقوں میں حالات کو کشیدہ رکھا جا رہا ہے تاکہ رات کے اندھیروں میں گرفتاریوں اور دہشت گردی کے ذریعے فلسطینیوں کے گرد گھیرا تنگ کر کے ان کے حوصلے پست کیے جا سکیں، مگر فلسطینی عوام اپنے نصب العین پر ثابت قدمی سے ڈٹے ہوئے ہیں۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan