Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

فلسطین

معروف فلسطینی صحافی جمال ریان دنیا سے رخصت

طولکرم – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کے معروف اور ہردلعزیز فلسطینی صحافی جمال ریان ایک طویل اور درخشاں صحافتی سفر کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔ وہ الجزیرہ چینل کے آغاز سے ہی خبروں کی دنیا کا ایک نہایت نمایاں اور معتبر چہرہ رہے ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی حق اور سچ کی آواز بلند کرنے میں صرف کر دی۔

جمال ریان نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز سنہ 1974ء میں اردن ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے بطور نیوز اینکر اور سیاسی پروگراموں کے میزبان کے طور پر کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے جنوبی کوریا کے ریڈیو، متحدہ عرب امارات کے ٹیلی ویژن اور بی بی سی سمیت کئی عرب اور بین الاقوامی میڈیا اداروں میں اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

وہ ان خوش قسمت اولین اینکرز میں شامل تھے جو سنہ 1996ء میں الجزیرہ کے قیام کے وقت سکرین پر نظر آئے۔ انہوں نے چینل کا پہلا خبرنامہ پیش کرنے کا اعزاز حاصل کیا اور پھر کئی دہائیوں تک الجزیرہ کے اہم ترین نیوز اینکرز میں شمار ہوتے رہے۔ وہ مشرق وسطیٰ کے سیاسی واقعات اور خاص طور پر مظلوم فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے قابض اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم کی کوریج میں اپنے بے باک پیشہ ورانہ اسلوب اور منفرد انداز کے لیے عالمی سطح پر پہچانے جاتے تھے۔

مرحوم صحافی کا تعلق فلسطین کے غیرت مند شہر طولکرم سے تھا اور انہوں نے عرب میڈیا کی دنیا میں ایک ایسا خلا چھوڑا ہے جسے پر کرنا ممکن نہ ہوگا۔ ان کا نام ان خبرناموں اور تیکھے سیاسی پروگراموں کی شناخت بن گیا تھا جنہیں عرب دنیا کے کروڑوں ناظرین فلسطینی کاز کی ترجمانی اور غاصب صہیونی ریاست کی سفاکیت کو بے نقاب کرنے کے باعث بڑی عقیدت سے دیکھتے تھے۔

الجزیرہ میں شمولیت سے قبل جمال ریان نے مختلف بین الاقوامی اداروں میں گرانقدر خدمات انجام دیں جن میں سنہ 1990ء کی دہائی کے آغاز میں بی بی سی عربی میں ان کی شرکت انتہائی اہمیت کی حامل تھی۔ ان کی رحلت سے فلسطینی نصب العین کا ایک مضبوط ترجمان خاموش ہو گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر مرحوم صحافی کے ساتھیوں اور چاہنے والوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا ایک لامتناہی سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس میں ان کی وفات پر گہرے رنج و ملال اور فلسطینی کاز کے لیے ان کی غیر متزلزل خدمات پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan