مصر سے ملحق فلسطینی سرحد پر زیر زمین سرنگ بیٹھنے سے اس میں کام کرنے والا ایک فلسطینی مزدور جام شہادت نوش کرگیا، اسرائیلی محاصرے کے سبب ضروریات زندگی کی ترسیل کے لیے استعمال کی جانے والی زیر زمین سرنگوں کے حادثات میں اب تک 150 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ فلسطینی میڈیکل ذرائع نے بتایا کہ 29 سالہ شہری یوسف خلیل بلعاوی کا تعلق غزہ شہر سے تھا وہ مصر سے رفح میں مصری سرحد پر واقع ایک زیر زمین سرنگ کھود رہا تھا کہ گرنے والے ریت کے ٹیلے تلے دب گیا۔ خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے پانچ سالہ سے غزہ کی معاشی ناکہ بندی نے اہل غزہ کو خوراک، دوائیوں اور تمام ضروریات زندگی سے محروم کر رکھا ہے، مصری حکام کی جانب سے بھی سرحد پر پابندیاں عائد ہیں جس کی بنا پر جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنے کے لیے فلسطینی زیر زمین سرنگ کھود کر سرحد پار کر کے مصر سے سامان کی ترسیل کی کوشش کرتے ہیں۔ تاہم ان سرنگوں میں آئے روز کے حادثات میں اب تک 150 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔