اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے رہنما ڈاکٹر صلاح بردویل نے مصری صدر حسنی مبارک سے وعدے کے ایفا کا مطالبہ کیا ہے- انہوں نے کہا کہ مصری صدر کو فلسطینیوں کی ناکہ بندی میں شریک نہ ہونے کا مطالبہ پورا کرنا چاہیے- ڈاکٹر صلاح بردویل نے کہا کہ غزہ کی وزارت داخلہ اور مصری خفیہ اداروں کے افسران کے درمیان فون پر رابطہ ہوا تھا، جس میں غزہ کی وزارت داخلہ کے حکام نے مصر پر واضح کیا کہ رفح سرحد غزہ کی شہ رگ ہے- اسے کاٹنا کسی حالت میں ٹھیک نہیں ہے- ناکہ بندی کے باوجود غزہ کے شہری مصر سے دشمنی نہیں رکھتے- غزہ سرحد پر فولادی باڑ کی تعمیر ان ہزاروں فلسطینی بچوں کی موت کا حکم نامہ ہے جو سرنگوں کے ذریعے دودھ ، ادویات اور غذا کے منتظر ہوتے ہیں- بردویل نے مزید کہا کہ مصری خفیہ اداروں کے حکام نے واضح کیا تھا کہ غزہ کی سرحد پر فولادی باڑ کی تعمیر سیاسی فیصلہ ہے- ان کا اس فیصلے سے کوئی تعلق نہیں-