اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے ترجمان سامی ابوزھری کے مطابق مصری حکام نے دو ہفتے قبل عمرے سے غزہ واپسی کے دوران گرفتار کیے جانے والے حماس کے قائد محمد دبابش کو رہا کر دیا ہے۔ ابوزھری نے مصر کی جانب سے دبابش کی رہائی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا مصر نے دو ہفتے حراست میں رکھنے کے بعد جمعہ کے روز محمد دبابش کو رہا کر دیا ان کی رہائی حماس کی جانب سے مصری حکام کے ساتھ مسلسل رابطوں کے بعد عمل میں آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد دبابش کی رہائی سے ثابت ہو گیا کہ حماس کا پہلے روز سے اختیار کیا جانے والا موقف درست تھا، حماس نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ گرفتاری حقائق کی بنیاد پر نہیں ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس رہائی کے بعد حماس اور قاہرہ کے درمیان تعلقات مضبوط ہونگے۔ اسی طرح مصر کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کا معاملہ بھی جلد نمٹایا جا سکے گا۔