فلسطینی وزارت زراعت نے مصری پولیس کے ہاتھوں چار فلسطینی مچھیروں کی گرفتاری پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ایک غلط روایت کو فروغ ملے گا۔ ہفتے کو وزارت زراعت کی طرف سے ایک بیان جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ یہ لوگ غزہ کے شمال میں سمندر سے مچھلیاں پکڑ رہے تھے کہ انہیں مصری پولیس نے اغوا کر لیا۔ بیان میں کہا گیا ہے ان لوگوں کی زندگی کا انحصار اسی روزگار سے وابستہ ہے اور اس طرح کے اقدامات سے ان کا یہ روزگار خطرے میں پڑ گیا ہے۔ بیان میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ فلسطینی مچھیروں کو دونوں اسرائیلی اور مصری مشتر کہ طور پر نشانہ بنا رہے ہیں ۔بیان میں مصری حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی مچھیروں کے ساتھ اس نوعیت کا سلوک کرنا بند کر دیں۔ بیان میں مصری تاجر پیشہ انجمنوں سے بھی اپیل کی گئی کہ اس طرح کے اقدامات کی مذمت اور انہیں روکنے کیلئے مداخلت کریں۔