اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے غزہ سرحد پر ہونے والے افسوسناک واقعہ میں مصری فوجی کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیاہے۔ حماس کے ترجمان سامی ابو زہری نے کہا کہ مصری فوجی کی ہلاکت فلسطینی شہری کی فائرنگ سے نہیں ہوئی ۔ سامی ابو زہری نے مصری حکام کے الزامات کو مسترد کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ مصری فوجی کی ہلاکت فلسطینی شہری کی فائرنگ سے ہوئی ۔ انہوںنے کہا کہ مصری حکومت اس طرح کے الزامات عائد کرکے حادثے کا رخ دوسری طرف موڑنا چاہتی ہے۔ وہ مصری فوج کے جرم پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے۔ جس نے فلسطینی شہریوں پر فائرنگ کی ۔ واضح رہے کہ چند روز قبل مصری سرحد پر مشتعل فلسطینی شہریوںاور مصری فوج کی جھڑپوں کے دوران ایک مصری فوجی ہلاک اور 20 سے زائد فلسطینی شہری زخمی ہو گئے تھے۔ سامی ابو زہری نے آزاد کمیشن کی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا جو اس بات کی تحقیقات کرے کہ کس نے مصری فوجی اہلکاروں کو فلسطینی شہریوں پر براہ راست فائرنگ کا حکم دیا تھا ۔