اسلامی جمہوریہ ایران نے مصر کے ڈکٹیٹر حسنی مبارک کے استعفے کے بعد مصری عوام کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ وہ مصری عوام کی خوشیوں میں شریک ہے ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے مصری ڈکٹیٹر حسنی مبارک کے ذریعے اقتدار سے کنارہ کشی کرلینے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ایران کے عوام نے گیارہ فروری یعنی اسلامی انقلاب کی کامیابی کے جلوسوں میں کروڑوں کی تعداد میں شرکت کرکے مصر کے تاریخ ساز عوام کی دلیرانہ اور انصاف پسندانہ تحریک کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ مصر میں لائق افتخار اور عظیم عوامی تحریک ثبات قدم اور عزم و ارادے کےساتھ اپنی کامیابیوں کو مکمل کرے گی اور پوری سرخروئی کے ساتھ اپنے تمام برحق مطالبات حاصل منوائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہيں مصری فوج کہ صہیونی حکومت کے ظلم وستم کے خلاف جد جہد میں جس کا ماضي درخشاں رہا ہے اس حساس مرحلے میں اپنا تاریخی کردار ادا کرے گی اور عوام کے تمام مطالبات کو احترام کی نگاہ سے دیکھے گی ۔ اس درمیان دنیا کے بہت سے ملکوں اور عوامی تنظیموں نے مصری صدر کے فرار کرجانے کے پر خوشی کا اظہار کیا ہے لاطینی امریکہ، افریقہ اور ایشیائي ممالک کی حکومتوں سمیت دنیا بھر کے عوام نے حسنی مبارک کے ا ستعفے کا خیر مقدم کیا ہے لبنان اردن اورغزہ میں حسنی مبارک کے فرار کرجانے کی خبر ملتے ہيں لوگوں نے جشن منانا شروع کردیا ہے ۔ حزب اللہ اور حماس سمیت تمام فلسطینی جہادی تنظیموں نے حسنی مبارک کے استعفے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مصری عوام کو مبارکباد پیش کی ہے ۔