مصر کی حکمران فوجی کونسل نے چار فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے تاہم تاحال 33 فلسطینی مختلف مصری جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں کاٹ رہے ہیں۔ مصری جیلوں میں قید فلسطینیوں کے اہل خانہ کی کمیٹی کے ترجمان عماد السید نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ مصری حکام نے چار فلسطینی اسیران، جن میں دو بھائی بھی شامل ہیں، کو رہا کردیا ہے وہ چند گھنٹوں میں یہ اسیران غزہ داخل ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان سب کو مختلف اوقات میں گرفتار کیا گیا تھا، ایک قیدی ایک سال اور دیگر تین قیدی اڑھائی سال قبل حراست میں لیے گئے تھے۔ السید نے بتایا کہ تاحال مصری جیلوں میں 33 فلسطینی اسیران موجود ہیں جن کو تفتیشی مراحل کے دوران تشدد کا بھی سامنا ہے۔ خیال رہے کہ مصر میں انقلابی تحریک کے دوران درجنوں فلسطینی اسیران مصری جیلوں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ مصر کی سابقہ حکومت نے بلاجواز محض سیاسی اختلافات کی بنیاد پر متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر رکھا تھا۔