غزہ کے جنوبی ضلع رفح پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری اور فائرنگ کے بعد علاقے میں اسرائیلی فوجی گاڑیوں کا دھاوا، علاقے میں موجود سرکاری اور نجی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا، مصر کے سرحدی محافظ بمباری کے خوف سے سرحد چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔ فلسطینی سیکیورٹی ذرائع نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے جنوبی ضلع رفح کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ، کالونیوں، زرعی اراضی پر اندھا دھند فائرنگ کی، اس دوران اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے مشرقی رفح کی جانب حرکت شروع کر دی ان کی مانیٹرنگ اسرائیلی سیکیورٹی ہیڈ کوارٹر سے کی جارہی تھی، یہ گاڑیاں مشرقی رفح کی شوکہ کالونی میں داخل ہوگئیں اور یہاں پر توڑ پھوڑ کی۔ ذرائع کے مطابق اب تک اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والوں کی معلومات موصول نہیں ہوئیں، دوسری جانب مقامی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیلی طیاروں کی پروازوں کے دوران مصر کی سرحد پر موجود سیکیورٹی اہلکار واپس چلے گئے۔ مصری سیکیورٹی اہلکاروں کو اس بات کا خوف تھا کہ اسرائیلی طیارے سرحدوں پر قائم سرنگوں پر بمباری کریں گے۔