فلسطینی اراکین پارلیمنٹ ،سکالرز اور سیاستدانوں نے بیت المقدس اور مسجد اقصی کے مسائل کو اولین ترجیح دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے- غزہ میں سائنس و ٹیکنالوجی کالج میں ایک کانفرنس سے خطاب میں سیاستدانوں اور سکالرز نے کہا کہ مسجد اقصی کو اولین ترجیح دیئے جانے کی ضرورت ہے- حماس کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر محمد شہاب نے کہا کہ جب تک مسجد اقصی اور قبة الصخرہ موجود ہے بیت المقدس کی شناخت نہیں مٹائی جا سکتی- اسرائیلی مہم صرف مسجد اقصی کو شہید کرنے کی حد تک نہیں ہے بلکہ فلسطینیوں کو گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے- مقبوضہ بیت المقدس کو شہریوں کی ہر قسم کی امداد کی ضرورت ہے- صرف بیانات کافی نہیں ہیں – اسلامی جہاد کے رہنما خالد بطش نے کہا کہ بیت المقدس وہ مقام ہے جس کی طرف مسلمانوں کے دل کھینچے چلے جاتے ہیں- اس شہر میں مسلمانوں کا قبلہ اول مسجد اقصی ہے – مقبوضہ بیت المقدس کی ہر گلی ،محلے سے اسلام کی تاریخ وابستہ ہے –