مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصی کے صحن میں قابض اسرائیلی فوج اور مسجد میں آنے والے فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں اس وقت شروع ہو گئیں جب مسجد میں اپنے مذہبی شعائر ادا کرنے کی کوشش کرنے والے دو یہودی مسلمانوں کے ہاتھوں زخمی ہو گئے۔ یہودیوں نے مسجد اقصی کے صحن میں تلمودی عبادات ادا کرنے کی کوشش کی جس پر فلسطینی نوجوانوں نے انہیں مارا جس پر اسرائیلی فوج نے مسلمانوں پر دھاوا بول دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مسجد اقصی کا صحن میدان کارزار بن گیا۔ غاصب یہودیوں کی حمایت میں اسرائیلی فوج نے مداخلت کرتے ہوئے فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکی۔ اس موقع پر مسجد میں موجود نمازیوں نے اسرائیلی فوج کے خلاف آواز بلند کی جس پر باقاعدہ جھڑپ کا آغاز ہو گیا۔ اسرائیلی فوج نے غاصب یہودیوں کو مارنے والے نوجوانوں کو گرفتار کرنے کی کوشش میں مسجد اقصی کے تمام دروازوں کا گھیراؤ کر لیا۔