القدس کی صہیونی بلدیہ کے زیر انتظام پلاننگ اینڈ بلڈنگ کمیٹی نے مسجد اقصی سے ملحق صحن براق کو شناخت تبدیل کرنے پر مشتمل نیا صہیونی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے مطابق ’’دیوار گریہ کا آثار قدیمہ فنڈ‘‘ اسرائیلی بلدیہ اور نام نہاد ’’القدس ڈویلپمنٹ اتھارٹی‘‘ کے تعاون سے اس ناپاک منصوبے کو عملی جامہ پہنائے گا، پروجیکٹ میں دیوار گریہ سے ملحق صحن کی جانب ایک نئی زیر زمین راہ گذر بنائی جائے گی جس کے بعد صحن کی جانب مرکزی راستے کو بند کر دیا جائے گا۔ عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلوان کے علاقے سے براق صحن کے قریب واقع آثار قدیمہ کی کھدائیوں تک قدیم رومن اسٹریٹ (کارڈو روڈ) کو کھود دیا جائے گا، نئی سرنگ کے اندر ایک ٹرمینل بنایا جائے گا جہاں سے سرنگ میں داخل ہونے والے یہودیوں کی سکریننگ کی جائے گی، براق صحن کے قریب پہنچ کر یہ یہودی خودکار سیڑھیوں کے ذریعے اوپر براق صحن میں عبادات کی ادائیگی کے لیے جاب سکیں گے۔