کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی کے اراکین بشمول جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز، متحدہ قومی موومنٹ کے ساب رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، پاکستان مسلم لیگ نواز کے پیر ازہر علی ہمدانی، قاضی زاہد اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کراچی پریس کلب میں نو منتخب صدر اور سیکرٹری سمیت کابینہ کے اراکین سے ملاقات کی اور مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ صحافی برادری نے ہمیشہ حق کی آواز کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملاقات کے دوران کراچی پریس کلب کے نو منتخب اراکین میں نائب صدر ارشاد کھوکھر۔ سیکرٹری اسلم خان، جوائنٹ سیکرٹری فاروق سمیع سمیت عبد الجبار، ناصر سومرو، عمران ایوب، شیما صدیقی اور دیگر موجود تھے۔ملاقات میں فلسطین فائونڈیشن کے سیکرٹری اطلاعات علی احمر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ امریکہ دنیا میں انارکی پھیلانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ سی آئی اے نے ایک نئئی ڈاکٹرائن کے تحت امریکی صدر ٹرمپ کے انتخاب سے ہی دنیا میں افراتفریط پھیلانے کے لئے کوششیں جاری رکھی ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے بیانات اور ان کا سیاسی عمل دنیا کے امن کے لئے خطرہ اور انارکی کو جنم دے رہاہے۔ انہوںنے گذشتہ دنوں وینزویلا میں صدرمادورو کے اغوا کو کھلی جارحیت اور دہشتگردی قرار دیا۔ اس موقع پر انہوںنے مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستانی صحافیوں اورکراچی پریس کلب کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ انکاکہنا تھاکہ فلسطین میں سیکڑوں صحافیوں نے اسرائیلی جارحیت کے نتیجہ میں جام شہادت نوش کیا ہے ہم ان تمام صحافیوں کی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتےہیں۔
سیکرٹری کراچی پریس کلب اسلم خان کاکہنا تھا کہ فلسطین کاز ہم سب کا مشترکہ کاز ہے اور پاکستان میں فلسطین فائونڈیشن نے اس کاز کو زندہ رکھنے میں بہترین کردار ادا کیا ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ان کاکہنا تھا کہ حق کی آواز کو خاموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوںنے مزید کہاکہ صحفای برادری اور کراچی پریس کلب نے ہمیشہ مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے لئے جدوجہد کی ہے اور مستقبل میں بھی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوںنے فلسطین فائونڈینش کے وفد کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ اس موقع پر نو منتخب اراکین پریس کلب کو گلدستہ اور مٹھائی بھی پیش کی گئی ۔