کراچی (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اراکین نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے اسرائیل عالم اسلام کے قلب میں خنجر کی مانند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ مقررین نے کہا کہ مسئلہ فلسطین سمیت عالم اسلام کے تمام تر مسائل کی جڑ شیطان بزرگ امریکہ ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو ملک بھر میں عالمی یوم القدس منایا جائے گا اور اس موقع پر فلسطین میں امریکی سرپرستی میں ہونے والی صہیونی مظالم کے خلاف امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے اجتماعات
میں شریک ہو کر عالمی استعماری قوتوں کیخلاف احتجاج کریں۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ یوم القدس کی مناسبت سے ملک بھر میں کانفرنسز، سیمینارز اور احتجاجی پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ، ملتان، لاہور، اسلام آباد سمیت کراچی اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں القدس کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ امریکی سرپرستی میں جاری صہیونی مظالم کے خلاف ملک بھر میں تشہیری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پہلے مرحلہ میں ملک بھرمیں بینرز آویزاں کئے جائیں گے اوربروشرز تقسیم ہوں گے۔ اس موقع پر مقررین نے مزید کہا کہ فلسطین اور القدس پر صہیونی غاصبانہ تسلط کے خلاف سراپا احتجاج رہیں گے اورالقدس کی بازیابی تک جدوجہدجاری رہے گی۔ مقررین نے کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کو امریکی سرپرستی کا شاخسانہ قرار دیا اور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعلان کیا۔
پریس کانفرنس سے سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی، جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی،پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید ارشد نقوی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمایونس بونیری، معروف سماجی رہنما بشیر سدو زئی، پی ٹی آئی خاتون رہنما عرم بٹ، قاضی زاہد حسین، اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری
جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم نے خطاب کیا