کراچی (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات ) پاکستان کی اقلیتی برادری قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کرتی ہے ، پاکستان یونائیٹڈ بشپ فورم کے بشپ گلفام جاوید اور فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم کی پریس کانفرنس۔
کراچی پریس کلب میں پاکستان یونائیٹڈ بشپ فورم کے بشپ گلفام جاوید اور فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے ہم فلسطین سمیت دنیا کے تمام مظلوم عوام کے ساتھ ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ فلسطین پر قابض صیہونی ریاست کے مجرمانہ اقدامات کی مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ تمام مذاہب امن اور محبت کا درس دیتے ہیں لہذا دہشتگردی اور غاصبانہ تسلط کی مذمت کرنا ہمارا مذہبی اور انسانی فریضہ ہے ۔
پاکستان یونائیٹڈ بشپ فورم کے بشپ گلفام جاویدنے کہا ہے کہ پاکستان کی اقلیتی برادری قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کرتی ہے ہم رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منائیں گے ، دنیا میں جہاں بھی ظلم ہو گا ہم انسانیت کے رشتہ سے ہر مظلوم کی حمایت جاری رکھیں گے انھ انہوں نے پاکستان میں موجود تمام اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منائیں اور پاکستان بھر میں یوم القدس کے اجتماعات میں شریک ہو کر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کریں اس کے ساتھ حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ یوم القدس کے موقع پر سرکاری سطح پر تقریبات منعقد کی جائیں اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کے تحت مقبوضہ فلسطین و کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھی جائے ۔
مقررین کاکہنا تھا کہ پاکستان کی اقلیتی برادری پاکستان کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے صف اول میں موجود رہے گی۔
انہوں نے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ فلسطین کو فلسطینی عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔
ان کاکہنا تھا کہ یروشلم شہر نہ صرف مسلمانوں بلکہ مسیحی مذہب کے پیروکاروں کے لئے بھی اتنی ہی اہمیت کا حامل ہے تاہم صہیونیوں نے مقدس مقامات کی توہین کو معمول بنا رکھا ہے۔
انہوں نے حالیہ دنوں مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس اور اس کے اطراف میں موجود مسیحی مقدس مقامات کی بے حرمتی کئے جانے کے واقعات پر صہیونیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین فلسطینی عربوں کا ہے اور یہاں پر قابض ہونے والوں کا فلسطین اور یہاں کے مقدس مقامات پر کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہا ر کیا کہ پاکستان میں موجود اقلیتی برادری فلسطین کاز کے لئے فلسطین فاءونڈیشن کے شانہ بہ شانہ رہے گی ۔