فلسطینی مزاحمت کاروں نے اعلان کیا ہے کہ ان کے لڑاکا جنگجوؤں نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں ایک اسرائیلی نشانہ باز کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ چھپ کر نشانہ لینے والے اسرائیلی سنائپر اس وقت مزاحمت کاروں کے ہتھے چڑھا جب صہیونی فوج نے فلسطینی سرزمین پر دھاوا بولنے کی کوشش کی۔ اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے ذمہ دار نے غزہ کے جنوبی ضلع خان یونس کے مشرقی علاقے خزاعہ میں ایک صہیونی نشانہ باز کو مارنے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ مرکز اطلاعات فلسطین کو دیے گئے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ خان یونس میں القدس بریگیڈ نے براہ راست صہیونی فوجی نشانہ باز کو مارا۔ اس موقع پر ’’القدس بریگیڈ‘‘ نے کسی بھی صہیونی دشمن کے خلاف فلسطینی قوم کے حق مزاحمت پر زور دیا اور کہا کہ فلسطین کی پوری سرزمین کی آزادی تک فلسطینی مزاحمت جاری رہے گی۔