فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ کے مرکزی علاقے میں البریج کیمپ کے مشرق میں اسرائیلی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ صہیونی فوج کی جانب سے جمعرات رات گئے سے جمعہ کی صبح تک جاری رہنے والی اس کوشش میں پیش قدمی کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کو اسرائیلی جنگی جہازوں نے مکمل فضائی کور فراہم کیا گیا تھا۔ مزاحمتی کمیٹیوں کے عسکری ونگ علم ناصر صلاح الدین نے البریج کیمپ کے مشرق کی جانب پیش قدمی کرنے والے اسرائیلی فوجیوں پرھاون راکٹ فائر کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ایک عسکری بیان میں علم ناصر صلاح الدین نے دعوی کیا کہ مجاہدین کے ایک گروہ نے جمعرات کی رات البریج کیمپ میں داخلے کی اسرائیلی کوشش ناکام بنا دی۔ مجاہدین نے پیش قدمی کرنے والے صہیونی فوجیوں پر ھاون راکٹ داغے۔ اس دوران غزہ کی پٹی پر اسرائیلی طیارے نیچی پروازیں کرتے رہے۔ مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ مزاحمت کاروں نے جمعہ کی صبح البریج کیمپ کے مشرق میں ایک اسرائیلی فوجی گاڑی پر آر پی جی گولا فائر کیا، اس کے بعد مجاہدین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی۔ اسرائیل توپخانے نے البریج کیمپ کے مشرقی علاقے پر گولا باری کی، تاہم فوری طور پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔