مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینی قائد مروان البرغوثی کے بیٹے قسام البرغوثی نے بتایا ہے کہ ان کے والد کو قابض اسرائیل کی جیلوں میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ قیدی رہ نما کے مطابق جیلوں کے جلادوں نے ان کے جسم کو توڑ دیا، دانت، پسلیاں اور انگلیاں شکنجہ میں توڑیں اور ان کے کان کا ایک حصہ کاٹ دیا۔
قسام نے اپنے خاندان پر مسلسل خوف و پریشانی کے اثرات بیان کرتے ہوئے سوال کیاکہ “ہم کیا کریں؟ کس سے بات کریں؟ کس کے پاس جائیں؟ ہم روزانہ اس ہولناک خواب میں زندہ ہیں۔”
یہ معلومات اسی وقت سامنے آئیں جب عالمی سطح پر ایک مہم زور پکڑ رہی ہے جو قائد اسیر کی رہائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اس مہم کی قیادت ان کے خاندان کے ساتھ برطانیہ کی سول سوسائٹی تنظیمیں کر رہی ہیں تاکہ ان کا قضیہ عالمی سیاسی و سفارتی بحثوں کے مرکز میں رہے، جو غزہ میں جنگ بندی کے اگلے مرحلے کے دوران سامنے آئے گا۔
برطانوی اخبار “گارڈین” کے مطابق ان کے ڈپلومیٹک نامہ نگار پیٹرک وِنٹور نے رپورٹ دی کہ 200 سے زائد عالمی ثقافتی شخصیات نے ایک خط پر دستخط کیے ہیں جس میں البرغوثی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ البرغوثی کو وسیع پیمانے پر فلسطینی جماعتوں کو متحد کرنے اور قومی آزادی کے منصوبے کی قیادت کے لیے سب سے مؤثر شخصیت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
دستخط کرنے والوں میں معروف ادبی و فنکار شخصیات شامل ہیں، جن میں کینیڈی ن ادیبہ مارگریٹ ایٹوڈ، مصنف ایان مک لین، ناول نگار زیدی اسمتھ، اداکار بندکٹ کامرباچ، ٹیلڈا سوئٹن، سر ایان مک لین اور مارک رافلو کے علاوہ عالمی موسیقار جیسے اسٹنگ، پال سائمن، برائن ایونو اور اینی لینوکس شامل ہیں۔ اس کے ساتھ عالمی فنکار آئی ویوئی، ہدایتکار سر رچرڈ ایئر اور ارب پتی رچرڈ برانسون نے بھی دستخط کیے۔
گارڈین نے رپورٹ میں نشاندہی کی کہ قابض اسرائیل کی جانب سے البرغوثی کی رہائی کو مسترد کرنے کی وجہ کوئی سکیورٹی خطرہ نہیں بلکہ فلسطینی سیاسی نظام اور دو ریاستی حل کے عمل پر ان کے ممکنہ سیاسی اثرات ہیں۔
مروان البرغوثی اس وقت 66 سال کے ہیں اور ان میں سے 23 سال وہ اسیر رہ چکے ہیں، جبکہ ان کی گرفتاری سنہ 2002ء میں رام اللہ سے ہوئی تھی۔ سنہ 2004ء میں انہیں پانچ عمر قید اور 40 سال کی سزا سنائی گئی۔ وہ اس وقت فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن تھے اور آج بھی ان کی مقبولیت بے پناہ ہے، ان کا نام اکثر فلسطینی عوام کی رائے شماری میں سب سے زیادہ مقبول رہنما کے طور پر سامنے آتا ہے۔
تشدد کے واقعات اور عالمی دباؤ کے باوجود، تمام نظریں اس بات پر ہیں کہ آیا عالمی برادری واقعی مروان البرغوثی جیسے فلسطینی اسیر اور سیاسی رہنما کی تکالیف کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدام کرے گی یا نہیں۔