متنازعہ فلسطینی صدر محمود عباس کے خصوصی مشیر اور فلسطینی اتھارٹی کے اعلیٰ عہدیدار نمر حماد نے فلسطینی آزادی کی تحریک کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے اسے “غلطی” قرار دیتے ہوئے اس کے اعادہ سے باز رہنے کی تاکید کی ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق مصری اخبار”الیوم” کو ایک انٹرویو میں نمر حماد کا کہنا تھا کہ ” ماضی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے اسرائیل کے خلاف مسلح جہاد اور مزاحمت ایک غلط حکمت عملی تھی، جس کا کسی صورت میں بھی اعادہ نہیں ہونا چاہیے”. ایک سوال کے جواب میں نمرحماد کا کہنا تھا کہ ” مزاحمت نے تشدد کو جنم دیا جس سے امن بات چیت کے راستے مسدود ہوئے، لہٰذا فلسطینیوں کو دوبارہ ایسی غلطی کا اعادہ نہیں کرنا چاہیے”. ایک دوسرے سوال پر فلسطینی صدر کے مشیر نے کہا کہ ان کے پاس اسرائیل سے مزاحمت کے لیے پرامن راستے موجود ہیں جن میں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی شامل ہے تاہم مسلح مزاحمت کی قطعاً کوئی گنجائش موجود نہیں.