فلسطینی صدر محمود عباس نے الجزائر میں تعینات فلسطینی سفیرمحمد الحورانی کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے.الحورانی کی برطرفی الجزائر حکومت کے مطالبے پرعمل میں لائی گئی ہے. الجزائرکی حکومت نے صدر عباس سے کو آگاہ کیا تھا کہ ان کےمتعین کردہ سفیر الجزائر میں غیر سفارتی اقدامات کے اور خلاف قانون کارروائیوں کے مرتکب پائے گئے ہیں جس پر ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا گیا ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی صدر نے الجزائر کی جانب سے سفیر کی برطرفی کا مطالبہ سامنے آتے ہی واقعے کی تحقیقات کرائیں اور الزام درست ثابت ہونے کے بعد انہیں اس عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے. مرکز اطلاعات فلسطین کو فلسطینی اتھارٹی کے ایک سرکردہ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ الجزائر میں الحوارنی کی بطور سفیر برطرفی کے بعد دبئی میں فلسطینی اتھارٹی کے قونصلیٹ حسین مصطفیٰ کو ان کی جگہ سفیر مقرر کیا گیا ہے. ذرائع کا کہنا ہے کہ حورانی کی برطرفی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حال ہی میں فلسطینی صدر نے مشرقی یورپ کے ملک “مونٹی نیگرو” بلیک ماٶنٹین” میں تعینات سفیر ادھم ابو مدلللہ کو فتح کے منحرف لیڈر محمد دحلان کو فلسطینی قونصلیٹ میں لیکچر دینے کی پاداش میں برطرف کر دیا گیا ہے. خیال رہے کہ فتح کے باغی رہ نما محمد دحلان اور صدر محمود عباس کے درمیان حالیہ دنوں میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے. گذشتہ دو ہفتوں کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے سے دحلان کے سیکڑوں حامیوں کو گرفتارکرنے کے علاوہ سلام فیاض کی حکومت اور فلسطینی ملیشیا میں شامل ان کے حامی عناصر کو ان کی ملازمتوں سے بھی برطرف کیا گیا ہے.