اسرائیل کے سرکاری ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ متنازعہ فلسطینی صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے درمیان اسی ماہ کو اسپین میں ترقی پذیر ممالک کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تیاریاں کی جا رہی ہیں. اجلاس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم اس کے لیے اسپین میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں. اسرائیلی وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ایک تازہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی اور اسرائیلی قیادت کی اس ماہ میں براہ راست ملاقات کی کوششیں تیز کی جا رہی ہیں. توقع ہے کہ پیرس میں اکیس اکتوبر کو ہونے والے گروپ چار کے اجلاس میں نیتن یاھو اور محمود عباس کے درمیان ملاقات کو حتمی شکل دی جائے گی. اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے محمود عباس سے ملاقات کی تیاریوں کا انکشاف ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جبکہ صدر محمود عباس متعدد مرتبہ کہہ چکےہیں کہ وہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر روکے جانے تک اسرائیل سے نہ مذاکرات کریں گے اور نہ ہی صہیونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے ساتھ براہ راست ملاقات کی جائے گی.