آئرلینڈ کی وزارت دفاع نے دبئی میں حماس کے معروف رہنما محمود مبحوح کے قتل میں آئرلینڈ کے جعلی پاسپورٹ استعمال کیے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ اسلحہ کی ڈیل منسوخ کر دی ہے۔ صہیونی روزنامے ’’معاریف‘‘ نے بتایا ہے کہ آئرلینڈ کی وزارت دفاع نے 20 ملین یورو مالیت کے جنگی سازو سامان کی اسرائیل کے ساتھ کی جانے والی ایک ڈیل منسوخ کر دی ہے۔ اخبار نے مزید بتایا کہ اس معاہدے کے تحت آئرلینڈ کی وزارت دفاع نے پچھلے پانچ سالوں میں اپنی فوج کے لیے کروڑوں یورو لاگت کا اسلحہ خریدا تاہم اب یہ معاہدہ منسوخ کر کے اس کی جگہ برازیل، بیلجیم اور دیگر ممالک سے اسی طرح کے معاہدات کر لیے گئے ہیں۔ اخبار نے آئرلینڈ کے اس اقدام کو اس سال جنوری میں موساد کی جانب سے دبئی کے ایک ہوٹل میں حماس کے رہنما محمود مبحوح کے قتل کے لیے اس کے جعلی پاسپورٹ کے استعمال کو قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ آئرلینڈ اسرائیلی اسلحہ کا ایک بڑا خریدار تھا جس نے پچھلے پانچ سال میں 14 ملین یورو کا اسرائیلی اسلحہ خریدا تھا۔ تاہم فلسطینی مظلوم مسلمانوں کے خلاف جرائم کے مرتکب اسرائیل کو اس سال حماس رہنما کے قتل کے بعد پوری دنیا میں انتہائی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔