جنوبی لبنان – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز اعتراف کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں ایک ڈرون طیارے کے دھماکے کے نتیجے میں اس کے دو فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ قابض اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جنوبی لبنان میں اپنی افواج کے قریب ایک بارود بردار ڈرون طیارہ گرنے سے ریزرو فورس کا ایک افسر شدید زخمی ہوا جبکہ ایک اور فوجی کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کے اہل خانہ کو بھی اس حوالے سے مطلع کر دیا گیا ہے۔ ہارٹز اخبار نے قابض اسرائیلی فوج کے حوالے سے بتایا ہے کہ حزب اللہ نے صبح سے اب تک مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں پر 30 راکٹ داغے ہیں۔
لبنان پر جنگ کے آغاز سے اب تک قابض اسرائیلی فوج نے باضابطہ طور پر 12 فوجیوں کی ہلاکت اور 411 فوجیوں کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے، جن میں سے 27 کی حالت تشویشناک اور 60 کی حالت درمیانی درجے کی بتائی گئی ہے۔
