حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے خبر دار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے لبنان پر دوبارہ حملہ کیا تو استقامتی قوت کے جوان مقبوضہ فلسطین کے شمال مشرقی علاقے جلیلہ کو اپنے کنٹرول میں لے لیں گے ۔ سید حسن نصراللہ نے حزب اللہ لبنان کے کمانڈروں کی شہادت کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر لبنان پر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو استقامتی قوت مقبوضہ فلسطین کو آزاد کرالے گی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ایک بار پھر کہا کہ حزب اللہ اپنے کمانڈر عماد مغنیہ کے خون کا بدلہ لینے کا تہیہ کئے ہوئے ہے اور ان کے خون کا بدلہ اسرائیلی لیڈروں اور جرنیلوں سے لے گی ۔ انہوں نے اسی طرح علاقے کی تازہ ترین صورتحال اور امریکہ کے رول کے بارے میں کہا کہ امریکی حکومت اسرائیل کی حمایت کرنے کی وجہ سے علاقے میں انصاف قائم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی کیونکہ انصاف کا تقاضہ یہ ہے کہ حق صاحب حق کو دلوایا جائے اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنےوالوں کو سزادی جائے ۔ سید حسن نصراللہ نے مصر کے انقلاب اور علاقے میں امریکی محاذ کے ڈھے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مصری قوم اور اس کے جوانوں نے علاقے میں امریکی محاذ سے وابستہ ایک اور حکومت کا خاتمہ کردیا انہوں نے کہا کہ یہ سب سے بڑی بھول ہے کہ کوئي امریکہ اور سلامتی کونسل کی حمایت پر بھروسہ کرے