اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے صدر خالد مشعل نے لبنان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ہاں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کو ہرقسم کی سہولت فراہم کرتے ہوئے انہیں تمام شہری حقوق فراہم کرے۔ خالد مشعل کی سربراہی میں حماس کے اعلیٰ سطح کے وفد نے جمعہ کے روز لبنانی وزیراعظم لبنانی سعد حریری، صدر میچل سلیمان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران حماس کے وفد نے لبنانی حکومت اور قیادت کے سامنے بیروت اور دیگر شہروں میں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں کا مسئلہ اٹھایا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت رشق نے کہا کہ یہ ملاقات نہایت حوصلہ افزا رہی۔ ملاقات میں حماس نے لبنانی حکام پر زور دیا کہ وہ اپنے ہاں مقیم فلسطینیوں کو مہمان سمجھتے ہوئے انہیں تمام شہری حقوق اور مراعات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی صدر اور وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں غزہ کی معاشی ناکہ بندی، بیت المقدس میں یہودی آباد کاری، فلسطین کی داخلی صورت حال، فلسطینی جماعتوں کے درمیان مفاہمت اور مسجد اقصیٰ کو یہودیوں کی جانب سے درپیش خطرات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ لبنانی وزیراعظم اور صدر نے حماس کے وفد کو پناہ کے مسائل کے حل سمیت فلسطینی شہریوں کی امداد اور مسئٓلہ فلسطین کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وزیراعظم سعد حریری کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینی شہریوں کو اپنا مہمان سجھتے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے فلسطینیوں کے درمیان اتحاد اور مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا۔