بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں فوجی کارروائیاں کرتے ہوئے ایک اسرائیلی ڈرون طیارہ مار گرانے اور دو میرکافا ٹینکوں کو تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ تنظیم کے مجاہدین نے دوپہر 12:30 بجے نبطیہ شہر کی فضائوں میں پرواز کرنے والے ایک اسرائیلی ڈرون طیارے کو مناسب ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے مار گرایا۔
ایک اور بیان میں حزب اللہ نے تصدیق کی کہ مقبوضہ کفر شوبا کی پہاڑیوں میں واقع سماقہ پوزیشن پر ایک میرکافا ٹینک کو نشانہ بنایا گیا ہے جس سے ٹینک کو براہِ راست نقصان پہنچا۔ تنظیم نے اپنے تیسرے بیان میں بتایا کہ آج سہ پہر جنوبی لبنان کے قصبے کفر کلا کے مضافات میں تل نحاس کے مقام پر ایک اور میرکافا ٹینک کو نشانے پر لیا گیا اور اس پر بھی براہِ راست وار کیا گیا۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قابض اسرائیل اور امریکہ نے گذشتہ ہفتے کی صبح سے ایران کے خلاف فوجی جارحیت کا آغاز کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور اعلیٰ سکیورٹی حکام سمیت سینکڑوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ تہران کی جانب سے اس سفاکیت کا جواب قابض اسرائیل کی طرف میزائلوں اور ڈرونز کی برسات کر کے دیا جا رہا ہے جبکہ خطے کے ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور ٹھکانوں پر بھی حملے کیے جا رہے ہیں۔
