لاہور:قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی تک جد و جہد جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان (لاہور چیپٹر ) اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں
بشمول فیض احمد ہاشمی (رہنما جمعیت علماء پاکستان)،صاحبزادہ افضل نورانی (رہنما جماعت اہلسنت)،مولانا نیر بخاری (رہنما مجلس وحدت مسلمین)،افسر رضا خان (سابق چیئر مین امامیہ آرگنائزیشن پاکستان )،عثمان محی الدین (صدر انجمن طلبہ اسلام لاہور) اور علی فیاض (صدر آئی ایس او لاہور ) نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رہنماؤں کاکہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے ماہ رمضان المبارک کی فضیلتوں اور برکتوں سے دوگنا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ یکم رمضان المبارک سے ہی مرکز کی ہدایات کے مطابق لاہوربھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لئے تحریک کا آغاز کیا جائے گا اس عنوان سے لاہوربھر میں بینرز،پوسٹر ز اور دیگر تشہیری مہم کے ذریعے مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا،جبکہ فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے آگاہی مہم کے تحت تصویری نمائشوں سمیت پریس کلب میں غزہ کے مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کے حالات پر مبنی ایک ڈاکیومنٹری فلم دکھائی جائے گی ۔