اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سربراہ خالد مشعل نے اسرائیل سے قیدیوں کے تبادلے کے متعلق مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے- انہوں نے یمن کے شہر صنعاء میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حماس اسرائیل سے قیدیوں کے تبادلے کے متعلق مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے لیکن وہ فلسطینی قیدیوں کے رہائی کے مطالبے پر قائم ہے – قیدیوں کے تبادلے میں اسرائیل رکاوٹ ہے- خالد مشعل نے فلسطینی مفاہمت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حماس فلسطینیوں کے درمیان اختلافات کے خاتمے کی خواہش مند ہے- موجودہ حالات فلسطینیوں کے اتحاد کا تقاضا کرتے ہیں- ایک سوال کے جواب میں خالد مشعل نے کہا کہ وہ یمن کے لئے ایران کا کوئی پیغام نہیں لائے – انہوں نے کہا کہ وہ ثالثی کا کردار نہیں ادا کر رہے اور نہ ہی کسی نے انہیں ثالث مقرر کیا ہے- یمن میں جو کچھ ہو رہاہے وہ اس کا داخلی معاملہ ہے- خالد مشعل نے کہاکہ فلسطینی عوام امت مسلمہ کے لئے بھلائی چاہتے ہیں وہ ہر مسلمان ملک کی سلامتی کے خواہاں ہیں-