اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کہا کہ وہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی سے متعلق حماس کی تیار کردہ فہرست کے سختی سے پابند ہیں، اس فہرست پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بالخصوص صہیونی عدالتوں کی جانب سے بڑی سزاؤں کے تحت قید اسیران کے معاملے پر کسی صورت میں صرف نظرنہیں کیا جا سکتا۔
بدھ کے روز القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جیلوں میں قیدیوں کی صہیونی مظالم کے خلاف بھوک ہڑتال ان کے حقوق کےدفاع کے لیے کی جا رہی ہے، القسام بریگیڈ اس ہڑتال میں تمام قیدیوں کے ساتھ اظہا یکجہتی میں ان کے ساتھ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فلسطینی قیدیوں کا معاملہ نہ صرف حماس کی اولین ترجیح ہے بلکہ القسام کی بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور آئندہ کسی بھی قسم کا معرکہ فلسطینی قیدیوں کو مد نظررکھ کرلڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قیدیوں کے معاملے اور ان کی مشکلات کو کسی صورت بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، تمام فلسطینی اسیران کی قابض صہیونی مجرموں کے قبضے سے رہائی القسام بریگیڈ کا اہم ہدف ہے۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں سماعت اور بصارت رکھنے والے زندہ ضمیر انسانوں تک یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ وہ فلسطینی قیدیوں کے مسائل اور ان کی مشکلات کو سمجھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کی گرفتاری کا اصل مقصد بھی ان کی رہائی کےبدلے فلسطینی اسیران کی رہائی کی راہ ہموار کرنا ہے، ماضی میں بھی یہ تجربہ کیا جا چکا ہے اور صہیونی فوجیوں کی گرفتاریاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
القسام بریگیڈ کے راہنما نے کہا کہ اسرائیل جیلوں میں قید ہزاروں فلسطینی اسیروں کی بنیادی حقوق کی سنگین پامالی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ صہیونی ظالمانہ رویہ قیدیوں کے خلاف دہشت گردی ہے، ان کے حقوق پامال کر ے انہیں کند آلے سے انہیں قتل کیا جا رہا ہے۔