کوئٹہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کوئٹہ چیپٹر کے زیر اہتمام ’’القدس فلسطین کا ابدی دارلحکومت ‘‘ کا انعقاد کوئٹہ پریس کلب میں کیا گیا جس میں بلوچستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور مسئلہ فلسطین کے حل کو ناگزیر قرار دیا۔ اس موقع پر مقرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان بھر میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو
’’یوم القدس‘‘ کے طور پر سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا جائے ۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کوئٹہ چیپٹر کے زیر اہتمام منعقدہ ’’القدس فلسطین کا ابدی دارلحکومت ‘‘ کانفرنس سے جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبد الحق ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان بلوچستان کے صدر عبد القدوس ساسولی، معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر عطاء الرحمان، دانشور ڈاکٹر امان اللہ شادزئی، قوم پرست رہنما مہیم خان بلوچ، پاکستان مسلم لیگ ض کے صدر ڈاکٹر صلاح الدین مگسی، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سید عبد الغنی شاہ، جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا مفتی سعید ، شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے صدر مولانا اکبر حسین زاہدی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان بلوچستان کے ترجمان سہیل اکبر سمیت متعدد سماجی رہنماؤں اور انسانی حقوق کے اداروں کے چیدہ چیدہ افراد نے شرکت کی اور کانفرنس سے خطاب کیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقررین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں ، اس موقع پر انہوں نے ماضی میں یوم القدس کے اجتماع میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائی کے نتیجہ میں شہید ہونیو الے فرزندان کوئٹہ و پاکستان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام کو فخر ہے کہ القدس کی آزادی کے جدوجہد میں پاکستان کے عوام کا لہو بھی شامل ہے اور پاکستان کے عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، اس موقع پر شہدائے القدس کوئٹہ کے لئے خصوصی دعا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
القدس فلسطین کا ابدی دارلحکومت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کے مایہ ناز سیاستدانوں اور مذہبی رہنماؤں سمیت اسکالرز او ر دانشور حضرات نے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے وجود کے جعلی اور غاصب قرار دیتے ہوئے فلسطینیوں کی جد وجہد آزادی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور حالیہ دنوں فلسطینیوں کے حق واپسی کے پر امن احتجاجی مارچ کی حمایت کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ عالمی سامراج شیطان بزرگ امریکہ چند عرب ممالک کے ساتھ مل کر فلسطین کی جد وجہد آزادی کو ختم کرنے پر تلا ہو اہے جس کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا ، انہوں نے مسلم دنیا کے حکمرانوں کے جانب سے غاصب جعلی ریاست اسرائیل کے ساتھ خفیہ اور اعلانیہ تعلقات پر شدید برہمی کا اظہار کیا او ر مسلم دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع کرتے ہوئے فلسطینیوں کی پشتبانی کریں۔
مقررین نے کہاکہ جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر منایا جائے گا اور بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ القدس ریلیوں اور مظاہروں میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں۔