فلسطینی علماء بورڈ کے چیئرمین علامہ شیخ حامد البیتاوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس، مسجد اقصیٰ اور فلسطین عالم اسلام کی گردنوں پر امانت ہیں، ان سب کا تحفظ عالم اسلام کی ذمہ داری ہے۔ اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہودی دشمن کی جانب سے قبلہ اول اور بیت المقدس کے خلاف سازشیں جاری ہیں، جن کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلمان عوام اور حکمرانوں کو ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس اورمسجد اقصیٰ کا تحفظ نام نہاد مذاکرات اورملاقاتوں سے نہیں کیاجاسکتا، اس کے لیے عالم اسلام کو یکجا ہوکرفلسطینی مزاحمت اور تحریک آزادی کی عملی حمایت کرنا ہوگی، انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سے مذاکرات بے سود ہیں، ان سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، فلسطینی اتھارٹی اسرائیل سے مذاکرات کے بجائے فلسطینی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کو یقینی بنانے کے لیے کوشش کرے۔ بیتاوی نے کہا کہ فلسطین میں عباس ملیشیا اورعرب ممالک میں ان کی پولیس شہریوں کو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی سے روک رہے ہیں جو نہایت افسوسناک اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کے تحفظ کے لیے ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں سے روکنا ظلم اور گناہ ہے۔ تمام عرب اور اسلامی ممالک جنہوں نے اسرائیل سے کسی بھی نوعیت کے تعلقات قائم کر رکھے ہیں وہ اسرائیل سے ہرقسم کے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے ہاں تعینات صہیونی سفیروں کو نکال باہرکریں۔