کویت کے انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں نے 31 مئی کو محصورین غزہ کے لیے امدادی سامان لیکر جانے والے فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے 09 ترک رضاکاروں کے خاندانوں کے لیے امدادی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عربی نیوز ویب سائٹ ’’الجزیرہ نیٹ‘‘ نے اسلامی دنیا کی این جی اوز کی فیڈریشن کے نائب صدر اور انسانی حقوق کے عالمی اسلامی کمیٹی کے سربراہ وکیل مبارک مطوع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کویت نے ترکی کی بعض مقامی تنظیموں کی مدد سے اس فنڈ کے قیام کا انتظام کیا ہے۔ مطوع نے واضح کیا ہے کہ ان عطیات سے ترکی میں جائیداد خریدی جائے جس کی ملکیت شہداء کے اقرباء کو دی جائے گی۔ مطوع، جو خود بھی امدادی قافلے فریڈم فلوٹیلا پر سوار تھے، نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے اعزاز میں مکانات کی خریداری کے لیے دس لاکھ یورو جمع کرنے کی مہم شروع کی گئی تھی۔ تاہم کویت میں چند دنوں کے اندر دو لاکھ یورو اکٹھے ہو چکے ہیں انہوں نے عرب مسئلے کے لیے قربانی دینے والے لوگوں کی مدد کے لیے مقامی این جی اوز سے اس فنڈ میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل بھی کی۔