قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں گھر گھر تلاشی اور چھاپوں کے دوران بے گناہ فلسطینیوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے. اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز قابض فوج نے مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور قصبوں میں تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں جن میں کم ازکم سات افراد کو حراست میں لے کر تفتیشی اداروں کے حوالے کیا گیا ہے. عینی شاہدین کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز طولکرم، جنین اور رام اللہ میں گھروں میں تلاشی لی. اس دوران صہیونی فوج نے گھروں میں گھس کر بچوں اور خواتین کو بھی زد و کوب کیا اور گھروں میں موجود افراد کو اسلحے کی نوک پر گھروں سے باہر نکال کر ان سے تفتیش کی گئی. گھر گھر تلاشی کے دوران تینوں شہروں سے سات افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے. دوسری جانب صہیونی ریڈیو نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کے سات افراد کو حراست میں لیا ہے تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، لیکن گرفتار کیے تمام افراد کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج کو مختلف کارروائیوں میں مطلوب تھے اور انہیں تفتیش کے لیے تفتیشی اداروں کےحوالے کر دیا گیا ہے. خیال رہے کہ قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مطلوب شہریوں کی تلاش کی آڑ میں مغربی کنارے کے شہروں میں کریک ڈاٶن روز کا معمول بن چکا ہے. گذشتہ ایک ہفتے کے دوران صہیونی فوج 50 سے زائد افراد کو مطلوب قرار دے کر تفتیشی حکام کے حوالے کرچکی ہے. جن کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں کہاں اور کس حال میں رکھا گیا ہے.