مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
قابض اسرائیلی فوج نے منگل کی علی الصبح نابلس شہر میں فائرنگ کر کے تین فلسطینی شہریوں کو زخمی کر دیا جبکہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں گھروں پر دھاوے بول کر درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ قابض فوج نے گھروں کی تلاشی کے دوران توڑ پھوڑ کی اور گھریلو سامان کو تہس نہس کیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوجیوں نے نابلس کے مشرق میں عورتا چیک پوسٹ کے قریب ایک شہری گاڑی پر براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی الٹ گئی اور اس میں سوار تین شہری زخمی ہو گئے۔
فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ اس کی طبی ٹیموں نے تین زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جن میں ایک شخص ہاتھ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا جبکہ دو افراد گاڑی الٹنے کے باعث زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے نابلس کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب کلب برائے اسیران نے اطلاع دی کہ قابض اسرائیل کی افواج نے الخلیل گورنری کے جنوب مغرب میں واقع دورا شہر سے اکیس فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ یہ گرفتاریاں گھروں پر وسیع پیمانے پر چھاپوں کے دوران کی گئیں۔
گرفتار کیے جانے والوں میں مازن ماہر ابو عطوان، محمد کامل الاطرش، اسلام شنان، اسماعیل ابو کتہ، لیث ابو کتہ، یزن جمال الاطرش، ایوب العواودہ، سامی امطیر، زیاد ابو ہواش، فلادیمیر ابو ہواش، علاء صابر ابو عطوان، محسن المسالمہ، انس العواودہ، محمد قزاز، معاذ اولاد محمد، حکیم ابو ہواش، حسن محمد ابو ہواش اور ان کا بیٹا محمد، شادی ابو ہواش، سالم ابو ہواش اور ابراہیم ابو ہواش شامل ہیں۔
الخلیل نابلس اور طولکرم میں گرفتاریاں اور چھاپے
اسی سلسلے میں قابض اسرائیلی افواج نے طولکرم کے شمال میں واقع بلدہ دیر الغصون سے پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کیا جن میں جمال محمد بدیع، شیخ عاید جمعہ، یوسف حاتم القب، ایہم عماد قطو اور عبدالغنی خضر شامل ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج نے باقہ الشرقیہ پر دھاوا بول کر نوجوان وحید محمد خلف کو گرفتار کیا جبکہ طولکرم کے شمال میں بلدہ قفین سے نوجوان رائد ہرشہ کو بھی حراست میں لیا گیا۔
قلقیلیہ میں قابض اسرائیلی افواج نے شہر کے قریب اچانک قائم کیے گئے فوجی چیک پوسٹ پر نوجوان فادی ابو خدیجہ کو گرفتار کر لیا۔ اسی طرح نابلس شہر میں عورتا چیک پوسٹ کے راستے سے فوجی گاڑیاں داخل ہوئیں اور جنوب میں بلدہ بیتا پر چھاپہ مار کر گھروں کی تلاشی لی گئی۔
چھاپوں کا دائرہ بیت لحم کے جنوب مشرق میں بلدہ تقوع تک پھیل گیا جبکہ قلقیلیہ کے شمال میں جيوس، مشرق میں عزون اور جنوب میں سنيريا کے علاقوں میں بھی گھروں پر دھاوے بولے گئے۔ اس کے علاوہ الخلیل کے شمال میں بلدہ بیت امر میں وسیع پیمانے پر گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ جنین کے جنوب میں بلدہ قباطیہ پر بھی یلغار کی گئی۔
