مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں آج منگل کی فجر کے بعد قابض اسرائیلی آبادکاروں نے واد الرخیم کے بدوی سوسائٹی پر دھاوا بول دیا اور نہتے شہریوں کے گھروں پر پتھراؤ، آتشیں گولے اور پٹرول بم پھینک کر خوف و دہشت کی فضا پیدا کر دی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ سوسیا یہودی کالونی کے غاصب دہشت گرد آبادکاروں کے ایک گروہ نے شہریوں کے گھروں پر حملہ کیا جو فلسطینیوں کی زمینوں پر زبردستی قائم اس غیرقانونی آبادکاری کے مراکز میں سے ایک ہے۔ حملہ آوروں نے علاقے میں گھس کر شہری عمر خلیل شناران کی ایک گاڑی اور زرعی ٹریکٹر کو بھی جلا ڈالا۔
قابض اسرائیل جنوبی الخلیل میں نام نہاد “تنہا آبادکاری حکمت عملی” کو وسعت دینے کی سازشوں پر عمل پیرا ہے، جس کے ذریعے نئی اور الگ تھلگ بستیاں بسانے کے ساتھ ساتھ موجودہ غیرقانونی منصوبوں کو بھی پھیلایا جا رہا ہے۔
یہ حکمت عملی فلسطینی زمینوں کے اندر ایک دوسرے سے دور آبادکاری کالونیاں بسانے، علیحدہ سڑکیں بنانے، مختلف مقامات پر رکاوٹیں اور چوکیاں قائم کرنے اور صنعتی زون بنانے پر مبنی ہے۔ اس کا مقصد فلسطینی زراعت کو پارہ پارہ کرنا اور شہریوں کی زرخیز زمینوں کو مسخ کرنا ہے۔
قابض اسرائیل کا اصل ہدف محض نئی آبادکاری نہیں بلکہ فلسطینی زمین پر مکمل قبضہ اور پورے معاشرے کو تقسیم کر کے اسے کمزور کرنا ہے۔