مقبوضہ فلسطین کے علاقے مغربی کنارے میں قابض یہودی آبادکاروں نے ایک فلسطینی کو قریب سے گولیاں مار کر شہید کر دیا. مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہ واقعہ مغربی کنارے جنوبی شہر نابلس میں عراق بورین کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب یہودیوں کے ایک گروہ میں اپنے کھیتوں میں کاشت کاری کرنے والے فلسطینی کسان کو پکڑ کر اسےتشدد کا نشانہ بنایا. مظلوم فلسطینی نے دہشت گردوں کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی جس پر اس کے جسم میں قریب سے گولیاں داغی گئیں . اس کے بعد یہودی اسے شدید زخمی حالت میں پھینک کر فرار ہو گئے. مقامی شہریوں نے انیس سالہ عدی ماہر قدوس کو ایک مقامی اسپتال رفیدیا میں پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا. خیال رہے کہ جنوبی نابلس کے تمام علاقے یہودی آباد کاروں کا گڑھ سمجھے جاتے ہیں . قابض یہودی آئے روز مقامی فلسطینی شہریوں کی جان و مال پرحملے کرتے ہیں اور انہیں نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں. عدی ماھر قادوس یہ پہلا فلسطینی نہیں جو اس علاقے میں یہودیوں کی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھا ہے. اس سے قبل بھی کئی فلسطینی صہیونیوں کے ہاتھوں جام شہادت نوش کر چکے ہیں. اس علاقے میں یہودیوں کی تعداد 30 ہزار سے زائد بتائی جاتی ہے.